حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، زینبیہ ٹرسٹ ممبئی اور انجمنِ یا لثارات الحسین (ع) ممبئی کے زیرِ اہتمام عروس البلاد ممبئی کے بہشت زینب (س) کپاس واڑی، اندھیری میں حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومۂ قم سلام اللہ علیہا سے آئے ہوئے پرچم کے استقبال اور زیارت کے لئے عروس البلاد کے مؤمنین و مؤمنات نے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
قم المقدسہ میں بین الاقوامی پروگرامز کے انچارج، خادم حرم حجۃ الاسلام شیخ حسن جہانگیری اور ان کے ہمراہ خادم حرم معصومہ (س) مولانا شفیع حیدر رضوی (قم) کے توسط سے حرم حضرت معصومۂ قم سلام اللہ علیہا کو ممبئی کے مومنین کے لئے لایا گیا۔
جناب جاوید رضوی نے پرچم کے استقبال کے لئے مؤمنین و مؤمنات کے لئے بہترین جشن کا اہتمام کیا جس میں ممبئی کے مشہور و معروف علمائے کرام نے اپنی قیادت اور حضور سے اس جشن کو چار چاند لگا دئیے۔
استقبال پرچم کے جشن کا آغاز قاری قرآن حجۃ الاسلام مولانا سید یونس حیدر رضوی ماہُلی نے اپنی بہترین آواز میں تلاوت کلام پاک سے کیا اور تلاوت کلام پاک کے فوراً بعد مولانا موصوف نے روایات احادیث کی روشنی میں حضرت معصومۂ قم سلام اللہ علیہا کی فضیلت و عظمت کو بیان کیا۔
اس خصوصی جشن کے لئے مصرع طرح :
"پرچم کوئی لایا ہے کریمہ کے حرم سے"
پر علماء شعرائے کرام حجۃ الاسلام مولانا ذیشان حیدر زیدی، حجۃ الاسلام مولانا یونس حیدر ماہلی، حجۃ الاسلام مولانا علمدار حسین زیدی، حجۃ الاسلام مولانا ماہر علی جعفری، حجۃ الاسلام مولانا عادل عباس اور مولانا نصیر اعظمی نے اپنے اپنے بہترین طرحی کلام پیش کئے جسے مومنین نے سراہتے ہوئے داد و تحسین سے نوزا۔
خادم حرم حجۃ الاسلام آقائے شیخ حسن جہانگیری نے عمدہ تقریر کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمارے لئے سب سے فخر کی بات ہے کہ ہم آپ کے خادم ہیں اور یہی خدمت ہم سب کی بخشش کا ذریعہ ہے۔ موصوف کی تقریر کو خادم حرم معصومہ (س) مولانا شفیع حیدر رضوی (قم) نے اردو زبان میں ترجمہ کر کے مومنین کے سامنے پیش کیا۔
جشن کے آخر میں جناب جاوید رضوی صاحب نے خادمین حرم اور مؤمنین و مؤمنات کا شکریہ ادا کیا اور پھر پرچم کو مؤمنین کی زیارت کے لئے ان کے درمیان لایا گیا۔
جشن کا اختتام حجۃ الاسلام مولانا سید یونس حیدر رضوی ماہلی نے حضرت معصومۂ قم سلام اللہ کی مخصوص زیارت کی قرائت سے کیا۔
آپ کا تبصرہ